نئی دہلی، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے آج راجیہ سبھا میں دھمکی دی کہ جب تک آندھرا پردیش کے لیے خصوصی پیکیج سے متعلق ایک غیر سرکاری بل کو بحث کے لیے نہیں لیا جاتا تب تک وہ قانون سازی کے کام کاج میں حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔جمعہ کو کانگریس کے رکن کے وی پی رام چندر راؤ کو غیر سرکاری کام کاج کے تحت آندھرا پردیش کے لیے خصوصی پیکیج سے متعلق ایک غیر سرکاری بل پیش کرنا تھا، لیکن عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ بھگوت مان کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کی ویڈیو گرافی کرنے اور ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ڈال دینے کی وجہ سے ہو رہے ہنگامے کی وجہ سے ایوان کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا اور غیر سرکاری کام کاج نہیں ہو پایا تھا۔آج ایوان بالا کا اجلاس شروع ہونے پر کانگریس کے آنند شرما نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکمراں پارٹی اور اس کے کابینہ وزراء نے ایوان میں رکاوٹ پیدا کر کے سخت ناانصافی کی جس کی وجہ سے نجی بل نہیں لئے جا سکے۔انہوں نے کہاکہ یہ صورت حال صرف اور صرف حکومت کی وجہ سے پیداہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی غیر سرکاری کام کاج کی فہرست تیار کی جائے ،ا س وقت اس نجی بل کو پہلے نمبرپررکھاجانا چاہیے ۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ویڈیوگرافی کے معاملے پر جمعہ کو شدید ہنگامہ کرنے والے حکمران فریق کے رکن آج خاموش کیوں ہیں؟۔اس دن یہ لوگ شدید احتجاج درج کرا رہے تھے اور آج ان کی آواز کہاں چلی گئی۔جب تک ذاتی بل کو نہیں لیا جاتا تب تک ہم حکومت کا کام کاج نہیں لینے دیں گے۔
بھگوت مان معاملے کی تحقیقات کے لیے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی
نئی دہلی، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی کے ایم پی بھگوت مان کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کی بنائی گئی متنازعہ ویڈیو کے معاملے کی تحقیقات کے لیے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے آج ایک 9 رکنی کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا جو 3؍ اگست تک اپنی رپورٹ سونپے گی۔اس کے ساتھ ہی صدر نے کہا کہ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ایم پی بھگوت مان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ جب تک اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا، وہ ایوان کی کارروائی میں حصہ نہ لیں۔آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی صدر نے کہا کہ بہت سے اراکین نے 22؍جولائی کو بھگوت مان کے غلط طرز عمل کا معاملہ اٹھایا تھا اور میں نے بھی اس سلسلے میں گہری تشویش کااظہارکیا تھا ۔انہوں نے اس معاملے میں بی جے پی رکن کریٹ سومیا کی صدارت میں 9 رکنی انکوائری کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔صدر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کی سیکورٹی کے نظام کی ویڈیو گرافی کرنے اوراس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کو سنگین معاملہ بتایا۔انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر سبھی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا گیا اور سب نے ان کی اس بات سے اتفاق کیا کہ اس معاملے میں کارروائی کی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی کو اس معاملہ کے ساتھ ہی مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں ،اس کو روکنے کے لیے مناسب اصلاحی اقدامات تجویز کرنے کو کہا گیا ہے۔